کے سی آر کا 8 سالہ دور حکومت بیروزگار نوجوانوں کیلئے مایوس کن

   


پولیس تقررات میں ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کو ریونت ریڈی کا کھلا مکتوب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ایک کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ 8 سالہ ٹی آر ایس کا دور حکومت تلنگانہ کے بیروزگاروں کے لیے مایوس کن کے طور پر گذرا ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں طلبہ ، نوجوانوں اور بالخصوص بیروزگار نوجوانوں نے اہم رول ادا کیا ۔ بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر نے وعدہ کیا ۔ مگر روزگار کی فراہمی میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔ جس سے نوجوانوں میں تلنگانہ حکومت کے خلاف ناراضگی اور برہمی پائی جاتی ہے ۔ اسمبلی میں 90 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ ابھی تک صرف نوٹیفیکیشن جاری کئے جارہے ہیں ۔ ملازمتوں کی فراہمی میں ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی جارہی ہے ۔ ایس آئی اور کانسٹبل جائیدادوں پر تقررات کے لیے امیدواروں کو مارکس کا اضافہ کرنے کی ہائی کورٹ نے ہدایت دی ہے ۔ جس کو بھی حکومت کی جانب سے نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ امیدواروں کی جانب سے اپنی تشویش کا ٹوئیٹر کے ذریعہ ریاستی وزیر کے ٹی آر اور ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی سے اظہار کررہے ہیں تاہم ان کی اپیلوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ کوئی ردعمل کا بھی اظہار نہیں کیا جارہا ہے ۔ متعلقہ محکمہ کو دیکھنے کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ وزیر داخلہ کا ہونا نہ ہونا کے برابر ہے ۔ اہم مسائل پر توجہ دینے کے بجائے چیف منسٹر بی آر ایس کے نام پر ملک بھر میں سیر و تفریح کررہے ہیں ۔ اگر اس طرح کی حکمرانی ہوگی تو عوام مسائل سرکاری ملازمین کے مسائل کون حل کریں گے ۔ مکتوب کے ذریعہ چیف منسٹر سے استفسار کیا۔ ہائی کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پریلمنری امتحان کے 7 سوالات کو منسوخ کرتے ہوئے امیدواروں سے انصاف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ریونت ریڈی نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ اگر حکومت ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرتی ہے تو تقریبا 50 تا 60 ہزار امیدواروں کو فزیکل ٹسٹ میں حاضر ہونے کی اجازت حاصل ہوگی ۔۔ ن