چیف منسٹر کے خلاف زبان قابو میں رکھنے کا مشورہ، اقتدار کا خواب پورا نہیں ہوگا
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس حکومت پر سابق چیف منسٹر کے سی آر کی تنقیدوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کے سی آر دراصل کمبھ کرن کی نیند سے 15 ماہ بعد بیدار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزراء کے خلاف کے سی آر کو اپنی زبان قابو میں رکھنی چاہیئے ورنہ کانگریس کارکن مناسب سبق سکھائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ فارم ہاوز تک محدود رہنے والے کے سی آر حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے کس طرح واقف ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی کے بعد سے فارم ہاوز تک محدود رہنے والے کے سی آر کو قائد اپوزیشن کے عہدہ کی کیا ضرورت ہے۔ عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے باوجود کے سی آر کے غرور اور تکبر میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کیلئے کے سی آر لاکھ سازشیں کرلیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ملے گی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ میں وسط مدتی چناؤ کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ریاست میں پانچ سال تک کوئی انتخابات نہیں ہوں گے اور مجالس مقامی کے چناؤ میں بھی بی آر ایس کا صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فارم ہاوز سے نکل کر حکومت کو نشانہ بنانے پر تلنگانہ عوام ہنس رہے ہیں۔1