کویتا کے جواب پر مانکیم کا جوابی ٹوئیٹ، سونیا گاندھی نے عوام کا خواب پورا کیا
حیدرآباد۔14 ۔ فروری (سیاست نیوز) اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور کی جانب سے کے سی آر کو موقع پرست اور رنگ بدلنے والے قرار دیتے ہوئے گرگٹ کی تصویر کے ساتھ کئے گئے ٹوئیٹ پر ٹی آر ایس نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ مانکیم ٹیگور نے گرگٹ کی تصویر کے ساتھ لکھا کہ کے سی آر موقع پرستی میں ماہر ہیں، ان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے اسے کے سی آر رول ماڈل قرار دیا۔ چیف منسٹر کی جانب سے حال ہی میں بی جے پی کی مخالفت اور راہول گاندھی کی تائید پر مانکیم ٹیگور نے یہ ٹوئیٹ کیا تھا۔ ٹی آر ایس کی رکن کونسل کویتا نے ٹوئیٹ کے جواب میں کہا کہ وہ حقیقی صورتحال سے عوام کو واقف کرانا چاہتی ہیں۔ کے سی آر اور ٹی آر ایس پارٹی نے علحدہ تلنگانہ کیلئے عوامی تحریک کی قیادت کی تھی۔ تلنگانہ کوئی تحفہ میں نہیں ملا ہے بلکہ جدوجہد اور سچائی کی کامیابی رہی۔ مانکیم ٹیگور نے کویتا کے ٹوئیٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ کویتا گارو تلنگانہ کسی ایک قائد کی تحریک نہیں تھی بلکہ یہ عوامی تحریک تھی۔ ہر کسی نے مل کر علحدہ ریاست کیلئے جدوجہد کی لیکن سونیا اماں نے مسئلہ کا حل تلاش کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا۔ انہوں نے لکھا کہ نریندر مودی نے حال ہی میں تلنگانہ کی تشکیل پر نکتہ چینی کی ہے۔ مانکیم ٹیگور نے لکھا کہ آپ کے والد نے سونیا گاندھی کو تلنگانہ کی ماں قرار دیا تھا لیکن بعد میں اپنے الفاظ تبدیل کردیئے۔ ر