کے سی آر کی کرناٹک پر توجہ !! ارکان اسمبلی کی چیف منسٹر سے خفیہ ملاقاتیں

   


حیدرآباد۔5۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے کرناٹک کے ارکان اسمبلی کی ملاقاتوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کہا جار ہاہے اگر ٹی آر ایس کو بھارتیہ راشٹر سمیتی میں تبدیل کردیا جاتا ہے تو کرناٹک کے جے ڈی ایس ‘ کانگریس و بی جے پی کے بعض ارکان اسمبلی بھی بی آر ایس ٹکٹ پر مقابلہ کرسکتے ہیں ۔حالانکہ کرناٹک میں کانگریس کے متعلق دعویٰ کیا جا رہاہے کہ وہاں بی جے پی کو آئندہ انتخابات میں شکست ہوگی کیونکہ ریاست بھر میں کانگریس کی لہر عروج پر ہے لیکن کانگریس کے وہ ارکان اسمبلی جنہیں آئندہ انتخابات میں ٹکٹ حاصل نہیں ہوگاوہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے بی آر ایس میں تبدیل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ جنتادل(سیکولر) کے وہ ارکان اسمبلی جنہیں اپنے بل بوتے پر انتخابات میں کامیابی کا یقین نہیں ہے وہ بی آر ایس ٹکٹ پر مقابلہ یا بی آر ایس کی تائیدلینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی جے پی ارکان اسمبلی جو پارٹی لہر کے سبب کامیاب ہوئے تھے وہ بھی کانگریس یا جے ڈی ایس کے بجائے بی آر ایس میں اپنا مستقبل تلاش رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے گذشتہ ایک ماہ میں زائد از7ارکان اسمبلی نے پرگتی بھون میں خفیہ ملاقاتیں کی ہیں اور کرناٹک ارکان اسمبلی نے اپنے سیاسی مستقبل کے متعلق اور بی آر ایس کے قیام پر کے سی آر کی حکمت عملی کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا ہے ۔ کرناٹک کے دکنی علاقوں میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کے آغاز کے متعلق منصوبوں کے متعلق دریافت کرتے ہوئے کے سی آر کے کرناٹک انتخابات کے متعلق موقف سے واقفیت حاصل کی ۔