کے سی آر کے قومی سیاسی سفر کا آغاز ‘ خصوصی طیارے سے دہلی روانہ

   


کل بی آر ایس ہیڈ آفس کا افتتاح ، مختلف ریاستوں کے نمائندوں کی شرکت
تلنگانہ سے 1500 قائدین کی روانگی ، دہلی میں کٹ آوٹس اور فلیکسی لگائے گئے

حیدرآباد ۔ 12 ڈسمبر ( سیاست نیوز) قومی سیاست میں اپنے سفر کا آغاز کرنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ خصوصی طیارے کے ذریعہ دہلی کیلئے روانہ ہوگئے جہاں وہ 14 ڈسمبر کو سردار پٹیل مارگ پر بھارت راشٹرا سمیتی ( بی آر ایس ) کے ہیڈ آفس کا افتتاح کریں گے ۔ ایک ہفتہ تک کے سی آر کے دہلی میں قیام کرنے اور ملک کی مختلف ریاستوں کے قائدین سے ملاقات کرنے کا قوی امکان ہے ۔ تلنگانہ سے تقریباً 1500 سے زیادہ قائدین دہلی روانہ ہوں گے ۔ وی آئی پیز قائدین جن کیلئے پروٹوکال ہے انہیں دہلی کے اسٹار ہوٹلس میں قیام کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر رومس بک کرائے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے قومی سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کیلئے اپنی علاقائی جماعت ٹی آر ایس کو قومی جماعت بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد جمعہ کو تلنگانہ بھون میں بی آر ایس کا پہلا اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں کرناٹک کے سابق چیف منسٹر کمارا سوامی نے بھی شرکت کی تھی ۔ اس اجلاس میں چیف منسٹر نے اعلان کیا تھا کہ 14 ڈسمبر کو دہلی میں بی آر ایس پارٹی کے ہیڈ آفس کا افتتاح کیا جائے گا ۔ریاستی وزیر عمارت و شوارع وی پرشانت ریڈی دو دن قبل دہلی پہنچ گئے ۔ پارلیمنٹ اجلاس کیلئے دہلی میں رہنے والے ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار پارٹی آفس کے افتتاحی تیاریوں میں مصروف ہوگئے ۔ انہوں نے مشہور ماہر واستو ایس سدھاکر کی مدد سے مختلف تیاریوں کو قطعیت دی ہے ۔ واستو کے مطابق پارٹی آفس میں تیاریاں، تبدیلیاں اور تعمیر و مرمتی کام انجام دیئے جارہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ بی آر ایس پارٹی آفس کے افتتاح کے موقع پر مختلف ریاستوں سے بی آر ایس کے نمائندے حاضر ہورہے ہیں ۔ ان کے ساتھ چیف منسٹر کے سی آر کی خصوصی ملاقات کے انتظامات کئے جارہے ہیں ،ابھی تک کئی نمائندوں نے پارٹی آفس کو اپنی شرکت کی اطلاع دے دی ہے ۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ منگل اور چہارشنبہ کو پارٹی آفس میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ سے ریاستی وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل مختلف کارپوریشنس کے صدور نشین اور پارٹی کے اہم قائدین اس طرح تقریباً 1500 قائدین دہلی کیلئے روانہ ہورہے ہیں ۔ پروٹوکال رکھنے والے قائدین کیلئے دہلی کے اسٹارس ہوٹلوں میں قیام کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ، ساتھ ہی دہلی کے مختلف اہم چوراہوں پر بی آر ایس کے بڑے پیمانے پر ہورڈنگس ، فلیکسی ، پوسٹرس لگائے گئے ہیں جس پر کے سی آر فار انڈیا ، دیش کا نیتا ، کسانوں کا بھروسہ ، اب کی بار کسان کی سرکار جیسے نعرے تحریر کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے ارکان خاندان کے بھی دہلی پہنچنے کی اطلاعات مل رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ، کسان تنظیموں ، ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدارو ں کے علاوہ دوسری اہم شخصیتوں سے ملاقات بھی کے سی آر کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔ ن