ہریش راؤ کے والد کی عیادت کی اور ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
حیدرآباد۔ 16 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر ، ہریش راؤ کی قیام گاہ پہنچ کر ان سے تقریباً 2 گھنٹے تک ملاقات کی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ہریش راؤ کے والد بیمار ہیں اور ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوکر گھر پہنچے ہیں۔ کے ٹی آر نے اُن کی عیادت کی اور صحت کے بارے میں ہریش راؤ سے بات چیت کی۔ اس کے علاوہ یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ اس ملاقات میں ریاست کی تازہ صورتحال اور بی آر ایس کی مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ واضح رہے کہ چند دنوں سے سوشیل میڈیا میں یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ ہریش راؤ پارٹی میں اہمیت نہ دینے پر قیادت سے ناراض ہیں اور نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے پر غور کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے ان افواہوں کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کرائی ہے اور ساتھ ہی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی صدر کے سی آر کے ہر فیصلے کو قبول کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کے ٹی آر کو پارٹی کا صدر نامزد کرنے پر ان کی صدارت میں کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بی آر ایس پارٹی میں اندرونی اختلافات آہستہ آہستہ منظر عام پر آرہے ہیں۔ چند دن قبل کویتا نے بھی ریاست میں سماجی انصاف نہ ہونے کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی تھی۔ انہوں نے اپنے والد کے خلاف ہی اس طرح کے ریمارکس کئے ہیں۔ کے ٹی آر کی ہریش راؤ کی قیام گاہ پہنچنے پر سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے کہ کے ٹی آر ، ہریش راؤ کو منانے ان کی قیام گاہ گئے ہیں۔ بی آر ایس پارٹی نے سیاسی حلقوں میں جاری ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ ملاقات خالص عیادت کیلئے کی گئی تھی۔ 2