50 غریب طالبات کی تعلیمی اخراجات خود برداشت کرنے کا تاریخی اعلان
حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) معاشرے میں جہاں عام طور پر سیاسی قائدین اور نامور شخصیات اپنی سالگرہ انتہائی شانداراور مہنگے اور شاہانہ انداز میں منانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ وہی بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ سابق وزیر کے ٹی آر نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک ایسی مثال قائم کی ہے، جو سب کیلئے قابل تقلید ہے۔ کے ٹی آر نے اپنی زندگی کے 50 ویں سال میں داخل ہونے کے یادگار موقع پر تاریخی اور انسانیت نواز اعلان کیا ہے کہ وہ اس سال ریاست کی 50 انتہائی غریب اور ضرورتمند طالبات کی اعلیٰ تعلیم کی مکمل مالی ذمہ داری ا پنے کندھوں پر لیں گے۔ کے ٹی آر نے یہ اعلان ایک رضاکارانہ تنظیم کے زیراہتمام منعقدہ ایک فلاحی پروگرام میں شرکت کے دوران کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حقیقی انسانیت یہ ہیکہ ہم اپنے معاشرے میں ضرورتمندوں اور پسماندہ طبقات کی شناخت کریں اور اس طریقے سے مدد کریں جو ان کے مستقبل کو بدل سکے۔ میں نے ان 50 طالبات کو تعلیم دینے کی ذمہ داری اس لئے قبول کی ہے تاکہ میں اپنی سالگرہ کو محض ایک روایتی جشن کے طور پر نہ مناؤں بلکہ اسے ایک ایسی خدمت کی شکل دوں جو معاشرے اور ملک کیلئے حقیقی معنوں میں مفید ثابت ہوسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جب ایک لڑکی تعلیم حاصل کرتی ہے تو پورا خاندان اور بالآخر پورا معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے۔ کے ٹی آر نے خواتین کی خودکفالت اور ان کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے واضح کیاکہ کوئی بھی ملک اس وقت حقیقی ترقی کرسکتا ہے جب خواتین تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور اس منزل تک پہنچنے کیلئے تعلیم ہی سب سے پہلا اور مضبوط قدم ہے۔2