کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی پارٹی میں مہم تیز

   

وزیر ٹی سرینواس یادو، ارکان اسمبلی عامر شکیل، باجی ریڈی گووردھن کی بھی تائید

حیدرآباد۔ ٹی آر ایس پارٹی میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی مہم دن بہ دن زور پکڑتی جارہی ہے۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کل کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی وکالت کی تھی اور چیف منسٹر کی تبدیلی کو ممکن قرار دیا تھا جس کے بعد ٹی آر ایس ارکان اسمبلی اور پارٹی قائدین کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی کھلے عام مدافعت کررہے ہیں جس سے ریاست میں ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی جو مہم چل رہی تھی اس میں اچانک شدت پیدا ہوگئی ہے۔ پارٹی قیادت یا کے ٹی آر کی جانب سے اس پر کسی قسم کا ردعمل ظاہر نہ کرنے پر لگتا ہے کے ٹی آر بہت جلد چیف منسٹر کے سی آر کے وارث بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ریاستی وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو نے ٹی آر ایس حلقوں میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی جو مہم چل رہی ہے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کے ٹی آر چیف منسٹر بنتے ہیں تو اس میں حرج کیا ہے ایک نہ ایک دن تو کے ٹی آر کو چیف منسٹر بننا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر میں تمام صلاحیتیں موجود ہیں وہ کوئی بھی کام کرسکتے ہیں۔ کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کے معاملہ میں چیف منسٹر کے سی آر صحیح پر مناسب فیصلہ کریںگے اس پر کسی کو حیرت زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کے ٹی آر ہر فن مولا ہیں انہیں تنظیمی اور سرکاری سطح پر جو بھی ذمہ داری دی گئی ہے اس کو انہوں نے بخوبی انجام دیتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ وہ ہر عہدہ کیلئے اہل ہیں۔ اسمبلی حلقہ بودھن کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی شکیل عامر نے کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر میں چیف منسٹر بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ اس کے اہل بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ریاست تلنگانہ زبردست ترقی کررہا ہے۔ اگر کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنایا جاتا ہے تو وہ ترقی کی شرح کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم رول ادا کریں گے۔ موجودہ صورتحال میں کے ٹی آر چیف منسٹر بنتے ہیں تو نہ صرف ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ ریاست میں ٹی آر ایس پارٹی ناقابل تسخیر بن کر اُبھرے گی۔ ان کی خواہش ہے کہ آئندہ اسمبلی سیشن کے ٹی آر کی صدارت میں منعقد ہو۔ شکیل عامر نے کہا کہ ریاست کا نوجوان طبقہ کے ٹی آر کو چیف منسٹر کی حیثیت سے دیکھنا چاہتا ہے۔ اگر موجودہ سیاسی حالات میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنایا جاتا ہے کہ تو پارٹی میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہونے کا عوام میں پیغام پہنچے گا۔ کے سی آر سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ وہ کے ٹی آر کو چیف منسٹر بننے کا آشیرواد دیں۔ اسمبلی حلقہ آرمور کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس رکن اسمبلی باجی ریڈی گووردھن ریڈی نے بھی کہا ہے کہ کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کا وقت آگیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اس پر سنجیدگی سے غور کریں۔