حیدرآباد ۔16۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس نے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی ۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرکے شکایت کی کہ کے ٹی آر نے بعض نیوز چیانلس کو سرکاری جائیداد کا استعمال کرکے انٹرویو دیا جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت سرکاری مقامات کو سیاسی اغراض کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ کمیشن کو نیوز چیانلس سے ٹیلی کاسٹ انٹرویو کی ویڈیو کلپ روانہ کی گئی جس میں شہیدان تلنگانہ کی یادگار کے احاطہ میں کے ٹی آر کو انٹرویو دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ شکایت میں کہا گیا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت کسی بھی پارٹی یا امیدوار کو سرکاری عمارتوں یا مقامات کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون کیمرہ سے فلمبندی کی گئی جس کیلئے پولیس سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔ جی نرنجن نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر کی تحریری اجازت کا حصول لازمی ہے لیکن کے ٹی آر نے خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کے ٹی آر ، رکن کونسل جی وینکنا اور دیگر افراد کے خلاف کارروائی کی اپیل کی۔