کے ٹی آر کے خلاف کریمنل کیس درج کرنے کانگریس قائدکی دھمکی

   

چیف منسٹر سے متعلق بیان سے دستبرداری کا مطالبہ
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے انتباہ دیا ہے کہ اگر بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف کئے گئے ریمارکس کو واپس لیتے ہوئے معذرت خواہی نہیں کی تو ان کے خلاف کریمنل کیس درج کیا جائے گا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی نائب صدر بی شوبھا رانی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر نے تلنگانہ عوام کے فیصلہ کی توہین کی ہے۔ ریونت ریڈی عوامی منتخب چیف منسٹر ہیں اور کے ٹی آر نے توہین آمیز بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی کے نتیجہ میں بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے دس سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کے خزانہ کو دفینہ کی طرح لوٹ لیا ہے۔ کالیشورم پراجکٹ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی گئیں۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کی بے قاعدگیوں میں ہریش راؤ کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس قائد نے کے سی آر خاندان کے اثاثہ جات کی تفصیلات عوام کے درمیان پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر کے ٹی آر اپنا بیان واپس نہ لیں تو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کے ٹی آر نے بیان دیا تھا کہ اگر ریونت ریڈی کو بحیثیت چیف منسٹر الیکشن سے قبل اعلان کیا جاتا تو کانگریس کو 30 نشستیں بھی حاصل نہ ہوتی۔1