عنبرپیٹ میں احتجاج سے علاقہ میں کشیدگی
حیدرآباد: 27 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما رائو کو آج عنبرپیٹ کے علاقہ میں یوتھ کانگریس کارکنوں کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ حلقہ اسمبلی عنبرپیٹ کے پارٹی کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کے لیے کے ٹی آر جیسے ہی عنبرپیٹ پہنچے یوتھ کانگریس کے سٹی صدر ایم روہت مدیراج کی قیادت میں کارکنوں نے گاڑیوں کے قافلے کے آگے احتجاج منظم کیا۔ یوتھ کانگریس کارکن کے ٹی آر واپس جائو کے نعرے لگارہے تھے اور انہوں نے کے ٹی آر کی گاڑی کو روک دیا۔ سکیوریٹی عملہ نے احتجاجیوں کو سڑک سے ہٹانے کی کافی جدوجہد کی لیکن مقامی پولیس کی عدم موجودگی کے باعث یوتھ کانگریس کارکن احتجاج جاری رکھے ہوئے تھے۔ کچھ دور راستہ میں یوتھ کانگریس کارکنوں نے نعرے بازی جاری رکھی اس کے بعد کے ٹی آر کی کاروں کا قافلہ روانہ ہوگیا۔ احتجاج کے نتیجہ میں علاقہ میں کسی قدر کشیدگی دیکھی گئی۔ بی آر ایس مقامی کارکن بھی کے ٹی آر کی تائید میں سڑکوں پر نکل آئے۔ یوتھ کانگریس کے سٹی صدر روہت مدیراج نے کہا کہ بی آر ایس نے 10 سالہ دورِ حکومت میں بے روزگار نوجوانوں کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی۔ سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے اور نہ ہی بے روزگاروں کو ماہانہ الائونس کا وعدہ پورا ہوا۔1
انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل کرنے والی کانگریس حکومت پر تنقید سے کے ٹی آر کو گریز کرنا چاہئے۔ بی آر ایس قائدین کو انتباہ دینے کے لیے یہ احتجاج منظم کیا گیا۔ 1