کے کویتا کی ضمانت کی دونوں درخواستیں مسترد

   

بی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کو بڑا جھٹکا، پارٹی کارکنوں میں مایوسی
حیدرآباد : 6 مئی ( سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو دہلی کی خصوصی عدالت نے ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے پھر ایک بار مایوس کردیا ۔ کویتا نے دہلی شراب اسکام کیس میں ای ڈی اور سی بی آئی کے کیس میں ضمانت کیلئے درخواست حاصل کی تھی ۔ ایک ہفتہ قبل سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے درخواستوں کی سماعت کرنے کے بعد آج پیر تک فیصلہ کو محفوظ کردیا تھا ۔ آج راوس ایونیو کورٹ کی خصوصی جج نے کویتا کی دو ضمانتوں کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بہت بڑا دھکا پہنچایا ہے ۔ بی آر ایس حلقوں میں آج کے فیصلہ کو لیکر کافی امیدیں تھی مگر فیصلہ کے بعد بی آر ایس کے کیڈر میں مایوس دیکھی جارہی ہے ۔ ایک ہفتہ قبل کویتا کے وکلاء نے عدالت کو بتایا تھا کہ کویتا بی آر ایس کی اسٹار کمپینر ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کی انتخابی مہم میں حصہ لینا ان کیلئے ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ کویتا ایک خاتون ہے ان کی صحت کی بنیاد پر ، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھی غور کیا جائے ۔ تاہم سی بی آئی اور ای ڈی کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ دہلی شراب اسکام کیس میں کویتا اہم ملزمہ ہے ۔ تحقیقات میں وہ مکمل تعاون بھی نہیں کررہی ہے اور وہ سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والی خاتون ہے لہذا اگر انہیں ضزانت دی جاتی ہے تو وہ ثبوتوں اور شواہد پر اثر انداز ہوسکتی ہے ۔ اس لئے انہیں ضمانت منظور نہیں کی جائے ۔ خصوصی عدالت کی جج نے آج کویتا کی ضمانتوں سے متعلق دونوں درخواستو ں کو مسترد کردیا ۔ 2