کولکاتا، 5 اپریل (پی ٹی آئی) آئی پی ایل 2026 میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو اپنی مسلسل ناکامیوں کا سلسلہ روکنے کے لیے ایک فیصلہ کن کامیابی کی اشد ضرورت ہے، جیسا کہ اس کا مقابلہ پیرکو شاندار فارم میں موجود پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) سے ایڈن گارڈنز میں ہوگا۔ یہ میچ کے کے آر کے لیے نہ صرف پوائنٹس کے لحاظ سے بلکہ ٹیم کے حوصلے اور اعتماد کی بحالی کے لیے بھی نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ تین بارکی چمپئن ٹیم اس وقت دباؤ کا شکار ہے اور ابتدائی میچوں میں ناقص کارکردگی کے باعث تنقید کی زد میں ہے۔ ٹیم کی سب سے بڑی کمزوری اس کا غیر متوازن کمبی نیشن اور مسلسل تبدیل ہوتی حکمت عملی قرار دی جا رہی ہے، جس نے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔کے کے آر کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب ٹیم کے اہم فاسٹ بولرز جیسے مستفیض الرحمن، ہرشیت رانا، آکاش دیپ اور متھیشا پتھیرانا مختلف وجوہات کی بنا پر دستیاب نہیں ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی غیر موجودگی نے ٹیم کے بولنگ شعبہ کوکمزور کردیا ہے، جس کا فائدہ مخالف ٹیمیں اٹھا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں سابق کپتان شریاس آئرکو ٹیم میں برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ اب سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ آئرجنہوں نے 2024 میں ٹیم کو خطاب جتوایا تھا، اب پنجاب کنگزکی قیادت کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں اور 2025 میں ٹیم کو فائنل تک لے جا چکے ہیں۔ ان کی موجودگی میں پنجاب کنگز ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ موجودہ سیزن میں کے کے آرکی قیادت اجنکیا رہانے کررہے ہیں، جو بطور بیٹر توکچھ حد تک مؤثر ثابت ہوئے ہیں، لیکن بطورکپتان انہیں ٹیم کو یکجا رکھنے اور درست فیصلے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کی حکمت عملی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، خاص طور پر پلیئنگ الیون کے بار بار بدلنے پر بات ہورہی ہے۔ بیٹنگ لائن اپ میں عدم تسلسل بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ فن ایلن، ٹم سیفرٹ اور راچن رویندرا جیسے باصلاحیت کھلاڑی اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود مستقل مواقع حاصل نہیں کر پا رہے، جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر سنیل نارائن پر حد سے زیادہ انحصار بھی ٹیم کے توازن کو متاثرکررہا ہے۔ دوسری جانب پنجاب کنگز اس وقت بہترین ردھم میں نظرآرہی ہے۔ ٹیم کے بیٹرز اور بولرز دونوں ہی شعبوں میں متوازن کارکردگی دکھا رہے ہیں، جس کی بدولت وہ حریف ٹیموں پر دباؤ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ شریاس آئرکی قیادت میں ٹیم کا اعتماد بھی بلند ہے، جو انہیں ایک خطرناک حریف بناتا ہے۔ ایڈن گارڈنز کے حالات روایتی طور پر اسپنرزکے لیے مددگار سمجھی جاتی ہیں، جس کے باعث کے کے آر کو سنیل نارائن اور دیگر اسپنرز سے بہتر کارکردگی کی امید ہوگی۔ تاہم بیٹنگ شعبہکو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ ٹیم ایک مضبوط اسکورکھڑا کر سکے یا ہدف کا کامیابی سے تعاقب کر سکے۔e/a