نئی دہلی: ملک کی معاشی ترقی میں کوآپریٹیو کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے امیت شاہ نے آج کہا کہ اس کے لیے ہر گاؤں میں کوآپریٹیو سوسائٹیاں بنائی جائیں گی۔ نئی کوآپریٹیو پالیسی لائی جائے گی اور قانون میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ کوآپریٹیو کے وزیر بننے کے بعد امیت شاہ نے پہلی قومی کوآپریٹیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سال 2021.22 میں ایک نئی کوآپریٹیو پالیسی لائی جائے گی اور اس کے کام کو بہتر بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی کی جائے گی۔ ہر دوسرے گاؤں میں پرائمری کوآپریٹیو سوسائٹی (پی اے سی ایس) کی تشکیل کے لیے قانونی انتظامات بھی کیے جائیں گے تاکہ ملک میں تین لاکھ پی اے سی ایس بن سکیں۔ اس وقت تقریبا دس دیہات میں پی اے سی ایس کا نظام موجود ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کوآپریٹیو کی ترقی کے لیے ریاستوں کے ساتھ تعاون پر کام کیا جائے گا اور ان کے ساتھ کوئی تنازعہ نہیں ہوگا۔ کوآپریٹیو سیکٹر میں اندرونی تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں سلیکشن اور بھرتی شفاف طریقے سے کی جائے گی اور ملازمین کو ہنر مندی کے ساتھ ساتھ تربیت بھی دی جائے گی۔امیت شاہ نے کہا کہ کوآپریٹیوز کی توسیع کے لیے ایک واضح ارادے کے ساتھ عزم بھی کرنا ہوگا اور محنت کے ساتھ وفاقیت کے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا ، تبھی کامیابی حاصل ہوگی۔