بھیلواڑہ۔ 24 مئی (یو این آئی) راجستھان کے بھیلواڑہ ضلع کے منڈل تھانہ علاقے میں گائے کی اسمگلنگ کے شبہ میں مشتعل ہجوم کے ایک پک اپ گاڑی کو آگ لگا نے اور تین لوگوں کے ساتھ وحشیانہ طورپر مار پیٹ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ پولیس کے مطابق جمعہ کی رات دیر گئے پھولیا خورد گاؤں کے رہنے والے راجو لوہار، پرتاپ گڑھ کے رہنے والے ناہر محمد اور پک اپ ڈرائیور گوپال رائگر ہمیر گڑھ کے علاقے سے دو جرسی گائے اور ایک بچھڑا خریدنے کے بعد پک اپ گاڑی میں پھولیا خورد واپس آ رہے تھے ۔ اسی دوران منڈل پولس چوکی کے نزدیک کچھ لوگوں نے زبردستی ان کی پک اپ گاڑی کو روکا۔ پک اپ میں موجود لوگوں نے لوگوں کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ انہوں نے جانور قانونی طور پر خریدے ہیں اور اس میں کوئی غیر قانونی سرگرمی شامل نہیں ہے ۔ اس کے باوجود بھیڑ نے ان کی ایک نہ سنی۔ حالات کشیدہ ہونے پر پک اپ میں سوار لوگ خود قریبی منڈل پولیس اسٹیشن گئے اور معاملے کی اطلاع دی۔