گانجہ کا آئیل فروخت کرنے والے تین افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔/4ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں گانجہ کے خلاف جاری مہم اور سخت گیر اقدامات کے باوجود چند افراد اس موقع کو غنیمت جان کر اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور گانجہ کا حشیش آئیل خرید کر اسے زائد قیمت میں فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ اس طرح کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ویسٹ زون ٹاسک فورس پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ 23 سالہ جی سنتوش ساکن بورا بنڈہ جو فلپ کارڈ میں ڈیلیوری بوائے کا کام کرتا ہے کے علاوہ 21 سالہ کے شوبھن شیوا ساکن یوسف گوڑہ اور 25 سالہ وجئے کمار ساکن رحمت نگر یوسف گوڑہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 55 ہزار روپئے مالیتی حشیش آئیل کو ضبط کرلیا۔ ان تینوں نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے وشاکھاپٹنم کے متوطن پروین سے رابطہ کیا جو گانجہ اور گانجہ کا تیل حشیش آئیل فروخت کرتا ہے۔ ان تینوں نے پروین سے کم قیمت میں حشیش آئیل کو خرید کر زائد قیمت میں گاہکوں کو فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور انہیں فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ انہوں نے 500 ایم ایل حشیش آئیل کو 40 ہزار روپئے میں خریدا اور 5ایم ایل دو تا تین ہزار روپئے میں فروخت کرنے کے دوران ٹاسک فورس ویسٹ زون پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلئے گئے۔ ٹاسک فورس پولیس نے مزید کارروائی کیلئے گرفتار خاطیوںکو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ جوبلی ہلز پولیس کے حوالے کردیا۔