گانجہ کی اسمگلنگ و فروخت کے خلاف کارروائی

   

تین رکنی ٹولی گرفتار، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /16 جنوری (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے گانجہ کی اسمگلنگ اور اس کے فروخت میں ملوث تین رکنی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے لاکھوں روپئے مالیتی گانجہ برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر رچہ کونڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے کہا کہ 24 سالہ ڈی ومشی نائیک متوطن ضلع سوریہ پیٹ اپنے تین ساتھیوں بی راجو نائک ، جے رتن لال ، اے ناگ راجو اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے کرن کی مدد سے گانجہ کی اسمگلنگ کررہے تھے ۔ مسٹر بھاگوت نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ ومشی نائک ہے اور وہ گزشتہ 3 سال سے اپنے ساتھیوں کی مدد سے گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث ہے ۔ آندھراپردیش کے ضلع وشاکھاپٹنم سے 2000 روپئے فی کیلو گانجہ حاصل کرتے ہوئے اسے 7000 روپئے فی کیلو فروخت کیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ٹولی کے خلاف سابق میں بھی وشاکھاپٹنم اور ورنگل کے جنگاؤں پولیس اسٹیشن میں گانجہ کے فروخت کے نتیجہ میں مقدمے درج کئے گئے ہیں ۔ پولیس کمشنر رچہ کونڈہ نے کہا کہ ومشی نائک کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کے باوجود بھی وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا اور مہاراشٹرا کے شیرڈی کو 51 کیلو گانجہ اسمگلنگ کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ گھٹکیسر آؤٹر رنگ روڈ ٹول گیٹ پر اسپیشل آپریشن ٹیم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں پولیس نے 51 کیلو گانجہ ، موبائیل فون جن کی مالیت 10 لاکھ 37 ہزار ہے ضبط کرلی ۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔