وزیر داخلہ محمود علی نے افتتاح کیا، 5 کروڑ کے مصارف سے ملک کا پہلا سرکاری سطح کا مرکز
حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج گاندھی ہاسپٹل سکندرآباد میں عصری سہولتوں سے آراستہ IVF سنٹر کا افتتاح کیا جہاں لاولد جوڑوں کا علاج کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈاکٹرس پر عوام کا بھروسہ غیر معمولی ہوتا ہے اور خدا کے بعد انہیں انسانوں کی جان بچانے والا تصور کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے محکمہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں جس کے تحت سرکاری دواخانوں میں غریبوں کیلئے بہتر علاج کی سہولتوں کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ہرضلع میں ایک میڈیکل کالج اور سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا قیام کے سی آر کا منصوبہ ہے۔ ملک میں پہلی مرتبہ گاندھی ہاسپٹل میں سرکاری سطح پرIVF سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ علاج سے لاولد خواتین کو سائینسی طریقہ کار سے صاحب اولاد بنانے میں مدد کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر غریب اور متوسط طبقات اس مہنگے علاج کے متحمل نہیں ہوسکتے لیکن سرکاری سطح پر یہ علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 کروڑ کے صرفہ سے یہ سنٹر قائم کیا گیا جس کے ذریعہ مفت علاج کی سہولت رہے گی۔ گاندھی ہاسپٹل میں 2018 سےIUI خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمس، پیٹلہ برج میٹرنٹی ہاسپٹل اور ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں IVF مراکز قائم کئے جائیں گے۔ سروے کے مطابق 15 فیصد نئے جوڑے اولاد کی نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں بستروں کی تعداد 50 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے جن میں 10 ہزار سوپر اسپیشالیٹی بیڈز ہیں۔ بہتر طبی خدمات کیلئے حیدرآباد کو 6 مختلف زونس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر زون کیلئے ایک ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کا تقرر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل ملک کا پہلا سوپر اسپیشالیٹی اور IVF مرکز بن چکا ہے۔ حیدرآباد کے اطراف سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس قائم کئے جارہے ہیں۔