گاندھی ہاسپٹل کے 15 فیکلٹی ممبرس کو نوٹس

   

وزیر صحت کے دورہ کے موقع پر غیر حاضر رہنے پر کارروائی
حیدرآباد 21 مارچ (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے حالیہ دورہ گاندھی ہاسپٹل کے موقع پر جو ڈاکٹرس اور فیکلٹی اسٹاف غیر حاضر تھا، اُن کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 فیکلٹی ممبرس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی جن میں اسسٹنٹ پروفیسرس، اسوسی ایٹ پروفیسرس اور فل ٹائم پروفیسرس شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ فیکلٹی ممبرس کو خدمات سے غیر حاضر رہنے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ دامودر راج نرسمہا نے دورہ کے موقع پر فیکلٹی ممبرس کی غیر موجودگی پر برہمی کا اظہار کیا تھا کیوں کہ مریضوں نے بھی ڈاکٹرس کی غیر حاضری کی شکایت کی تھی۔ سینئر اور جونیر اسٹاف کو بہتر خدمات انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اِسی دوران گاندھی ہاسپٹل کے ایمرجنسی وارڈ میں 30 بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ایمرجنسی کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔ ہاسپٹل کا کیژولٹی اور ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ روزانہ ایک ہزار مریضوں سے نمٹتا ہے۔ ڈاکٹر سی ایچ راجکماری سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل نے ڈاکٹرس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اضافی بستروں سے سنگین حالت میں ہاسپٹل سے رجوع کئے جانے والے مریضوں کے علاج میں مدد ملے گی۔ ایمرجنسی وارڈ میں فی الوقت بستروں کی تعداد 204 ہے۔ 1