گاڑی کی نمبر پلیٹ نکال کر رہزنی کرنے والے دو عادی مجرمین گرفتار

   

حیدرآباد : یکم / مارچ (سیاست نیوز) گاڑی کی نمبر پلیٹ نکا ل کر رہزنی کی وارداتیں انجام دینے والے دو عادی مجرمین کو حیات نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایل بی نگر زون سائی سری نے بتایا کہ 25 سالہ بناوت والاجی نائک ساکن حیات نگر جو آر ٹی سی میں کنٹراکٹ ڈرائیور بتایا گیا ہے جو کنٹونمنٹ بس ڈپو میں خدمات انجام دے رہا تھا کہ 32 سالہ سی راج کرن ساکن فیروز گوڑہ حیدرآباد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 7 گرام طلائی چین ، تین خنجر دو موٹر سائیکل اور تین موبائیل فون ضبط کرلئے ۔ /24 فبروری کو ان دونوں نے ریڈی کالونی میں ایک واردات کو انجام دیا تھا ۔ ایک خاتون جو کرانہ دوکان سے واپس لوٹ رہی تھی ان دونوں نے اس خاتون کے گلے سے طلائی چین کی رہزنی کرلی تھی ۔ اور /27 فبروری کو لکچرر کالونی میں بھی خاتون کو رہزنی کا شکار بنایا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ حیات نگر کے علاوہ ان دونوں نے ایل بی نگر پولیس حدود میں بھی واردات کو انجام دیا ۔ کالونیوں میں گھومتے ہوئے پہلے اپنا نشانہ مقرر کرتے تھے اور دوبارہ اس کالونی میں رہزنی کی غرض سے آتے تھے اور موٹر سیکل کی نمبر پلیٹ کو نکال کر واردات انجام دیا کرتے تھے تاکہ پولیس کی کارروائی سے بچ سکیں ۔ موٹر سیکل کے نمبر پلیٹ کو نکالنے کے سبب شناخت میںمشکل پیدا کرتے تھے ۔ تاہم پولیس نے اپنی مسلسل جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے ان عادی مجرمین کو گرفتار کرلیا ۔ ع