امرتسر، 19 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے سابق وزیرصحت پروفیسر لکشمی کانت چاؤلہ نے ریاست کے وزیر افزائش مویشیاں ترپت راجندر سنگھ باجوہ کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آوارا گایوں کو مذبح خانہ بھیج دینا چاہئے ۔پروفیسر چاؤلہ نے جمعرات کو بتایا کہ مسٹر باجوہ نے آوارہ جانوروں کو قابو میں کرنے کے سوال پر یہ کہہ دیا کہ اس کا ایک ہی حل ہے کہ آوارہ جانوروں کو مذبح خانہ بھیجے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گائے اوربچھڑے سنبھالنے کے بجائے انہیں مذبح خانے بھیجنے کی بات کرنا مذہب، ثقافت اور ہندوستانی کی روایت کے خلاف ہے ۔ اسی طرح عام آدمی پارٹی (آپ) کے لیڈر امن اروڑہ بھی مذبح خانہ کی وکالت کھلے عام کررہے ہیں۔سابق وزیر صحت نے کہا کہ حکومت بتائے برسوں سے جو گایوں کے دفاع کے نام پر ٹیکس لیا جارہا ہے اس کا استعمال کہاں کیا جارہا ہے ۔ اس ٹیکس سے آوارہ جانوروں کے لئے نئی گؤشالہ بنوانے اور آوارہ جانوروں کو قابو میں کرنے کا کام کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گائے کے دودھ نہ دینے اور گائے کا بچھڑا پیدا ہونے پر اسے آوارہ گھومنے کے لئے چھوڑ دینے والوں پر جرمانہ لگایا جانا چاہئے ۔