گجرات اور اترپردیش کی طرز پر تلنگانہ میں بی جے پی کی حکمت عملی

   

امیت شاہ 11 مارچ کو حیدرآباد پہنچیں گے، آر ایس ایس اور دانشوروں کے ساتھ علیحدہ اجلاس

حیدرآباد۔ 3 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تلنگانہ میں بی جے پی کی انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لئے پھر ایک مرتبہ 11 مارچ کو ریاست کا دورہ کریں گے۔ جہاں پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور ساتھ ہی مستقبل کی منصوبہ بندی کو بھی قطعیت دیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 10 فروری کو نیشنل پولیس اکیڈیمی میں منعقد ہونے والے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کرنے والے امیت شاہ نے پارٹی قائدین سے ملاقات کی تھی اور حال ہی میں پارٹی کے اہم قائدین کو دہلی طلب کرتے ہوئے مشاورت کی تھی۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ تلنگانہ میں بی جے پی پارٹی قائدین کی کارکردگی سے پارٹی کی قومی قیادت مطمئن نہیں ہے۔ اس لئے وزیر اعظم نریندر مودی نے تلنگانہ کے انتخابات پر خصوصی توجہ دینے کی ذمہ داری مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو سونپی ہے۔ تلنگانہ میں میکرو لیول پر پارٹی کو مستحکم کرنے قائدین کے نظریاتی اختلافات کو دور کرنے اور کیڈر میں جوش و خروش پیدا کرنے کی انہیں اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اترپردیش اور گجرات میں جو حکمت عملی اپنائی گئی تھی وہی فارمولہ پر تلنگانہ میں کام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ 12 مارچ کو صبح حکیم پیٹ میں منعقد ہونے والے پروگرام میں امیت شاہ شرکت کریں گے اور اسی دن حیدرآباد میں کور کمیٹی کے اجلاس سے بھی امیت شاہ خطاب کریں گے۔ بتایا جارہا ہے، مرکزی وزیر داخلہ سنگاریڈی میں دانشوروں، آر ایس ایس کے اہم قائدین کے علاوہ دوسروں کے ساتھ بھی ایک اہم اجلاس منعقد کرنے والے ہیں اس کے بعد وہ بیدر سے ہوتے ہوئے کرناٹک میں داخل ہو جائیں گے جہاں بھی وہ انتخابی حکمت عملی پر کام کریں گے۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ انتخابات تک بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا مرکزی وزرا اور پارٹی کے اہم قائدین تلنگانہ کا مسلسل دورہ کرتے رہیں گے۔ آئندہ ماہ اپریل میں سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر ایک جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ن