گجرات میں عام آ دمی پارٹی کو ایک سیٹ بھی نہ ملیگی: امیت شاہ

   

احمد آباد : گجرات اسمبلی انتخاب کے پیش نظر اب سبھی امیدواروں کی دھڑکنیں تیز ہو گئی ہیں۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ یکم دسمبر یعنی کل ہونے والی ہے اور دوسرے مرحلے کی ووٹنگ آئندہ 5 دسمبر کو ہوگی۔ اس درمیان مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈر امت شاہ نے ایک ایسا دعویٰ کیا ہے جو عام آدمی پارٹی کے لیے فکر انگیز ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر پارٹی کو انتخاب لڑنے کا حق حاصل ہے، لیکن یہ لوگوں پر منحصر ہے کہ وہ کس پارٹی کو قبول کرتے ہیں اور کس پارٹی کو مسترد کرتے ہیں۔ آپ کی کارکردگی سے متعلق پیشین گوئی کرتے ہوئے امت شاہ کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کا انتظار کیجیے، شاید کامیاب امیدواروں کی فہرست میں آپ کا نام نہ آئے۔کانگریس کے تعلق سے امت شاہ نے کہا کہ یہ اب بھی اہم اپوزیشن پارٹی ہے، لیکن پارٹی بحران کے دور سے گزر رہی ہے اور اس کا اثر گجرات میں بھی دکھائی دے رہا ہے۔امت شاہ نے اپنے مذکورہ بالا خیالات کا اظہارایک انٹرویو میں کیا ہے۔ انھوں نے انٹرویو کے دوران گزشتہ کچھ سالوں میں لوگوں کے ذریعہ بار بار بی جے پی میں اعتماد ظاہر کرنے کی اصل وجہ وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت اور گجرات کے وزیر اعلیٰ کی شکل میں ان کے دور میں ہوئی گجرات کی ترقی کو بتایا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ بی جے پی گجرات میں اس بار بھی بے مثال جیت درج کرے گی۔