حیدرآباد ۔8۔ ڈسمبر۔ (سیاست نیوز) گجرات اسمبلی انتخابات میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی مجلس اتحادالمسلمین کے مجموعی طور پر 13 امیدواروں نے جملہ93 ہزار 312 ووٹ حاصل کئے ہیں اور کسی بھی امیدوار کی ضمانت نہیں بچ پائی ہے۔ گجرات اسمبلی انتخابات کے نتائج کے ساتھ ہی دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے غیور مسلمانوں کی نگاہیں گجرات اسمبلی میں مجلسی پر مرکوز تھیں لیکن نتائج سے قبل رجحانات میں ہی مجلسی امیدواروں کے کوئی آثارنظر نہ آنے کے بعد ہر سمت سکوت چھا گیا۔ مجلس اتحاد المسلمین نے 182 نشستوں پر مشتمل گجرات اسمبلی کی ان 13 اسمبلی نشستوں پر مقابلہ کیا تھا جہاں مسلم ووٹ قابل لحاظ تعداد میں موجود ہیں ۔ جن حلقہ جات اسمبلی سے مجلس نے اپنے امیدوار میدان میں اتارے تھے ان میں جمال پور کھاڈیہ ‘ کھمباڈیہ ‘ لمبایت ‘ منگرول ‘ بھوج‘ دانی لمڈا‘ گودھرا‘ وڈگام‘ ویجل پور‘ سورت(مشرق) سدھ پور‘ دریا پور اور مانڈوی شامل ہیں۔ گجرات کے ریاستی صدر مجلس صابر بھائی کابلی والا نے جمال پور کھاڈیہ سے مقابلہ کیا تھا جہاں انہیں 15ہزار 677 ووٹ حاصل ہوئے اور اس نشست پر کانگریس کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی ۔ کسی مجلسی امیدوار کو سب سے زیادہ ووٹ حلقہ اسمبلی بھوج میں حاصل ہوئے جہاں پارٹی نے 31ہزار 295 ووٹ حاصل کئے لیکن اس حلقہ اسمبلی سے بی جے پی کے امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ مجلس کے 13 امیدواروں نے جن حلقہ جات اسمبلی میں مقابلہ کیا ان میں 10 نشستوں پر بی جے پی کے امیدوارو ں کو کامیابی حاصل ہوئی جبکہ 3 نشستوں پر کانگریس امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔م