گجرات کے وڈوڈرا میں فرقہ وارانہ تصادم کئی گاڑیوں کو نقصان 40 گرفتار

,

   

نئی دہلی: ریاست گجرات کے وڈوڈرا میں فرقہ وارانہ تصادم کے نتیجہ میں حالات کشیدہ ہوگئے ۔دو گروپوں نے ایک دوسرے پر سنگباری کی جس کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی اور تقریباً 40 افراد کو گرفتار کر لیا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقہ میں پولیس کا بھاری بندوبست کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق نوراتری کے موقع پر گربا کھیلنے کے بعد دو گروپوں میں جھڑپ ہوئی۔ سنگباری کے نتیجہ میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ وڈوڈرا کے پولیس عہدیدارپی آر پٹیل کے مطابق میلاد النبیﷺ قریب ہے جس کے پیش نظر کچھ لوگوں نے مندر کے نزدیک واقع الکٹرک پول پرمذہبی پرچم لگائے تھے۔ ہندو طبقہ کے لوگوں نے اس پر اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ اس سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ پولیس کے مطابق اس تنازعہ کے بعد جھگڑا بڑھا اورسنگباری ہوئی۔ پولیس نے دونوں گروپوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے 40 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔