نئی دہلی: ریاست گجرات میں گنیش وسرجن سے قبل نہانے کے دوران 10 افراد چیک ڈیم میں ڈوب گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ دہیگام کے واسنا سگتھی گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک گروپ مورتی وسرجن کے لیے جمع ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وسرجن سے قبل گنیش پوجا کی جارہی تھی کہ میسوو ندی کے چیک ڈیم میں 10 افراد نہا رہے تھے کہ اچانک جسپال عرف منا ڈوب رہا تھا اسے بچانے کی کوشش میں دوسرے نوجوان بھی ڈوب گئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ، فائر ڈیپارٹمنٹ اور مقامی غوطہ خوروں کو فوری طور پر مطلع کیا گیا اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا اور10 نوجوانوں کی نعشیں نکال لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق گرام پنچایت کی طرف سے انتباہ اور وسرجن کیلئے محفوظ زون قائم کرنے کے باوجود کچھ پرجوش نوجوان چیک ڈیم میں گئے اور وہ پانی کے تیز بہاؤ کے سبب ڈوب گئے۔مقامی رکن اسمبلی بلراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حکام نے احتیاط کا مشورہ دیا ہے اور تقریب کے لیے ایک محفوظ علاقہ بنایا ہے۔