گذشتہ پانچ سال کے دوران ملک میں 528 ہاتھیوں کی اموات،سال 2017 میں 29 ہزار 964 ہاتھی تھے ، پارلیمنٹ میں اعداد و شمار کی پیشکشی

   

حیدرآباد۔29جولائی (سیاست نیوز) ملک بھر میں گذشتہ 5برسوں کے دوران 528ہاتھیوں کی غیر طبعی اموات واقع ہوئی ہیں جن میں برقی شاک لگنے ‘ ٹرین حادثہ ‘ ہاتھیوں کا شکار اور انہیں زہر دیتے ہوئے ہلاک کیا جانا شامل ہے۔ حکومت ہند کی جانب سے پیش کئے گئے اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ 5برسوں کے دوران ملک بھر میں ہاتھیوں کی ہلاکتوں کے سلسلہ میں موصول ہونے والی تفصیلات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ جملہ 528ہاتھی غیر طبعی موت کا شکار ہوئے ہیں۔ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق ہندستان میں 2017 کی مردم شماری کے مطابق ہاتھیوں کی تعداد 29 ہزار 964 تھی جو کہ دنیا بھر میں موجود ہاتھیوں کی تعداد کا 60 فیصد ہے۔برقی شاک لگنے کے سبب اوڈیشہ میں 71 ہاتھیوں کی اموات ہوئی ہیں جبکہ آسام میں 55 ہاتھی فوت ہوئے ہیں اسی طرح 52 ہاتھی کرناٹک میں برقی شاک لگنے سے فوت ہوئے ہیں اور 49 تمل ناڈو میں فوت ہوئے ہیں اس کے علاوہ چھتیس گڑھ میں 32 جھارکھنڈ میں 30 اور کیرالہ میں 29 ہاتھی برقی شاک لگنے سے فوت ہوئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ جملہ392 ہاتھی ملک بھر میں برقی شاک لگنے کے سبب فوت ہوئے ہیںجبکہ 73ہاتھی ٹرین حادثہ کا شکار ہونے کے بعد فوت ہوئے ہیں۔ گذشتہ 5برسوں کے دوران شکاریوں نے 50 ہاتھیوں کا شکار کیا ہے اور 13ہاتھیوں کو زہر دیتے ہوئے ہلاک کیا گیا ہے۔ آسام میں 22ہاتھی ٹرین حادثہ کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اوڈیشہ میں 16 ہاتھی ٹرین حادثہ میں فوت ہوئے ہیں۔ میگھالیہ میں 14 ہاتھی ٹرین حادثہ کا شکار ہوئے ہیں جبکہ 10 ہاتھی تمل ناڈو میں ٹرین حادثہ کا شکار ہوئے ہیں۔ لوک سبھا میں پیش کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ انسانوں اور ہاتھیوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجہ میں 5برسوں کے دوران 2853 انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں جن میں سال 2023کے دوران سب سے زیادہ 628انسانوں کی ہاتھیوں کے حملہ کے نتیجہ میں ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 2019میں 587‘2020کے دوران 471‘ 2021میں 557‘ 2022میں 610اور 2023میں 628افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں۔ہاتھی کے حملہ میں ہوئی انسانی اموات کی تفصیلات کے مطابق اوڈیشہ میں سب سے زیادہ 624اموات ریکارڈ کی گئی ہیں اور جھارکھنڈ میں 474 ‘ مغربی بنگال میں 436‘ آسام میں 383‘ چھتیس گڑھ میں 303 کے علاوہ کرناٹک میں 160اور کیرالہ میں 124 افراد ہاتھیوں کے حملہ کے نتیجہ میں فوت ہوئے ہیں۔3