گرفتار ڈی ایس پی کیخلاف مزید دائرہ تنگ

   

فون ٹیاپنگ معاملہ
جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں مزید ایک تازہ مقدمہ درج، سنگین الزامات
حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) فون ٹیاپنگ معاملہ میں گرفتار سابق ڈی سی پی ٹاسک فورس رادھا کشن راؤ کے خلاف مزید دائرہ تنگ ہوتا جارہا ہے اور یکے بعد دیگر کارستانیاں منظر عام پر آرہی ہیں۔ محکمہ پولیس کی وردی میں مافیا انداز میں ہراسانیوں اور معاملہ فہمی کے الزامات کا سامنا کرنے والے رادھا کشن راؤ کے خلاف جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں ایک تازہ شکایت درج کروائی گئی ہے۔ شکایت گذار کا الزام ہے کہ رادھا کشن راؤ کے علاوہ انسپکٹر ٹاسک فورس گٹو ملو ایس آئی ملکارجن کے بشمول چند افراد کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔ وینو مادھو نامی شخص نے شکایت میں سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ایک ہیلت کیر ادارہ کے ڈائرکٹر کے ساتھ ملکر جبراً دستخط کروائے گئے۔ شکایت گذار کے انکار پر انہیں ٹاسک فورس کے دفتر منتقل کیا گیا اور مجرموں جیسا سلوک کرتے ہوئے شیئر کی ملکیت کو تبدیل کروایا گیا اور دستخط کروائے گئے۔ نومبر 2018 میں ٹاسک فورس کی جانب سے یہ کارروائی کی گئی تھی۔ شکایت گذار کا کہنا ہے کہ جب انہیں پتہ چلا کہ رادھا کشن راؤ گرفتار ہوچکا ہے تو اس نے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن کے وینکٹیشورا ریڈی نے بتایا کہ ایک شخص وینو مادھو کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع