گرمیوں میں جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھیں

   

اکثر افراد اس غلط فہمی میں مبتلا نظر آتے ہیں کہ محض سردیوں کے موسم ہی میں جلد کو خصوصی توجہ اور نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ایسا نہیں ہے ، ہاں یہ درست بات ہے کہ موسمِ سرما میں جلد کو سرد و خشک ہوا کی سختیوں سے بچانے کیلئے اسے بھرپور توجہ کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ایسی ہی توجہ و خصوصی نگہداشت کی ضرورت موسمِ گرما میں بھی جلد کو ہوتی ہے۔ کیونکہ دھوپ کی تمازت سے اکثر افراد کو سوختگی شمس کے ساتھ جلدی مسامات کے کھل جانے اور جلد کی اندرونی تہہ میں موجود چربیلے/شحمی غدود کے حد درجہ متحرک ہو جانے کی وجہ سے کی مہاسوں کے نکلنے اور بار بار چہرہ دھونے کے بعد بھی جلد کے مسلسل چکنائی سے پُر نظر آنے جیسی عمومی شکایات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان شکایات کے ازالے کیلئے موسمِ گرما میں بھی اپنی جلد کی ناز برداریوں کی جانب سے کوتاہی ہر گز نہ برتئے۔ اپنی جلد کی ساخت کے حساب سے فیس واش کا انتخاب کیجیے اور اسے باقاعدگی سے استعمال کیجیے۔رات کو سونے سے قبل کسی مستند و معیاری کمپنی کی تیار کردہ کلینزنگ کریم/لوشن سے اپنی جلد کی کلینزنگ کیجیے۔عرقِ گلاب ،کھیرے کے رس اور لیموں کے رس کو ہم وزن مقدار میں لے کر صاف بوتل میں بھر کر فریج میں رکھیں اور کلینزنگ کرنے کے بعد اس مکسچر کو روئی کے پھائے کی مدد سے اپنی جلد پر ملاحت سے لگائیں۔اس کے علاوہ ملتانی مٹی اور دہی کا ماسک بھی ہفتے میں ایک مرتبہ ضرور استعمال کریں۔پابندی کے ساتھ اس سنگھاری روٹین کو اپنا کر آپ جلد کو دلاویز رُخ عطا کر سکتی ہیں۔