گروپ کیپٹن ورون سنگھ جانبر نہ ہوسکے

   

صدر کووند، مودی ،راہول و دیگر کا اظہاررنج و غم
نئی دہلی: ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ جو 8 دسمبر کو تمل ناڈو کے کونور میں ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہوگئے تھے ، جس میں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کے ساتھ ویلنگٹن جارہے 13 دیگر افراد کی موت ہوگئی تھی، آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ گروپ کیپٹن اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے تھے جن کی آج بنگلورو کے ہاسپٹل میں موت ہوگئی۔ فضائیہ نے ان کے انتقال کی اطلاع دی۔ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیرداخلہ امیت شاہ، وزیراطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر، کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور مختلف مرکزی وزراء اور دیگر قائدین نے ورون سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر کووند نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال کے بارے میں جان کر دکھ ہوا، وہ زندگی کے لیے بہادری سے لڑے ۔ان کے اہل خانہ سے میری تعزیت۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ورون سنگھ نے فخر، بہادری اور انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ قوم کی خدمت کی۔ وزیردفاع راجناتھ نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ انڈین ایئر فورس کے پائلٹ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال کی خبر سے جو درد محسوس ہوا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ وہ سچے جانباز تھے ، آخری سانس تک لڑتے رہے ۔ کانگریس لیڈر راہول نے کہاکہ ورون سنگھ کے انتقال پر انہیں دکھ ہوا ہے اور وہ غمزدہ افراد خاندان کے غم میں برابر شریک ہیں۔ مرکزی وزراء نتن گڈکری، پیوش گوئل، جیوترادتیہ سندھیا اور دیگر قائدین نے بھی گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔