گروپ 1 پریلمنری امتحانات کے تین دن میں نتائج !

   


گروپ 2 کی 783 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے دسمبر کے اواخر میں نوٹیفیکیشن
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں گروپ 2 کی 783 جائیدادیں مخلوعہ ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے دسمبر کے اواخر تک نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ گروپ 1 اور گروپ 4 کی جائیدادوں کے لیے پہلے ہی نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ گروپ 2 کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کے لیے عہدیداروں کی جانب سے تیاری کی جارہی ہے ۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے اپنے اپنے محکمہ میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کردی ہے ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد گروپ 2 کی 783 جائیدادیں مخلوعہ ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ اس سے متعلق روسٹر پوائنٹس ، سرویس رولس کی تفصیلات بھی کمیشن تک پہونچ گئی ہیں توقع کی جارہی ہے کہ دسمبر کے اواخر تک نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا ۔ ریاست میں گروپ 1 اور گروپ 4 کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا ہے ۔ گروپ 1 کا پریلمنری امتحان بھی منعقد ہوچکا ہے ۔ آئندہ تین یا چار دن میں نتائج جاری ہونے کے بھی امکانات ہیں ۔ پہلے طئے شدہ شیڈول کے مطابق گروپ 1 کا مین امتحان ماہ جنوری یا فروری میں منعقد کیا جانے والا تھا ۔ تاہم پریلمنری امتحان کے نتائج میں تاخیر کی وجہ سے مینس امتحان کے انعقاد میں تھوڑی تاخیر ہورہی ہے ۔ سب کچھ اطمینان بخش ہونے پر مارچ یا اپریل میں امتحان منعقد ہوسکتا ہے ۔ اس امتحان کے بعد گروپ 4 امتحان کے انعقاد کے لیے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے بعد اس کے انعقاد کی تیاریاں کی جارہی ہے ۔ اسطرح گروپ 1 اور گروپ 4 کے امتحانات کی تکمیل کے بعد گروپ 2 امتحانات کے انعقاد کا امکان ہے ۔۔ ن