گروپ I جائیدادوں پر تقررات کی راہ میں رکاوٹ ختم

   

سپریم کورٹ نے جی او 29 کے خلاف درخواست کو خارج کردیا
حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گروپ I کی جائیدادوں پر تقررات کی راہ میں ایک اہم رکاوٹ اُس وقت دور ہوگئی جب سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او 29 کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو خارج کردیا۔ جی او 29 کو چیلنج کرتے ہوئے گروپ I کے بعض امیدواروں نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ سپریم کورٹ نے آج اِن درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے خارج کردیا۔ معذورین کے تحفظات سے متعلق 2022ء میں جاری کردہ جی او 55 میں ترمیم کرتے ہوئے حکومت نے جاریہ سال 8 فروری کو جی او 29 جاری کیا تھا۔ سپریم کورٹ میں جی او 29 کے خلاف درخواست دائر کرکے اُسے کالعدم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے گروپ I امیدواروں کے اعتراضات کو مسترد کردیا جس کے نتیجہ میں گروپ I جائیدادوں پر تقررات کی راہ میں اہم رکاوٹ دور ہوچکی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ I کی جنرل رینکنگ کی فہرست جاری کردی ہے اور عنقریب اسنادات کی جانچ کا عمل شروع ہوگا۔1