پریلمینری امتحانات کے نتائج کا اندرون 10 دن اعلان
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن گروپ I مین امتحانات کے اپریل 2023 میں انعقاد کا منصوبہ ہے۔ کمیشن کی جانب سے منعقدہ گروپ I پریلمینری امتحان کے نتائج کا آئندہ 10 دنوں میں اعلان کیا جائیگا۔ پریلمینری نتائج کے بعد کمیشن امیدواروں کو گروپ I مین امتحانات میں شرکت کی تیاری کیلئے تین ماہ کا وقت دے سکتا ہے۔ مین امتحانات کی تاریخوں کا انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، نیٹ اور دیگر مسابقتی امتحانات کے شیڈول کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائیگا۔ مین امتحانات کیلئے امتحانی مراکز کی ضرورت پڑے گی لہذا دیگر امتحانات کی تکمیل کے بعد ہی مین امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ 16 اکٹوبر کو منعقدہ پریلمنیری امتحان میں 286051 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جبکہ مین امتحانات میں 1:50 تناسب کے ساتھ 25150 امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق گروپ I سرویسس ریکروٹمنٹ کیلئے اسنادات کی جانچ مین امتحانات کے بعد کی جائے گی۔ کمیشن نے گروپ I کے تحت 503 جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گروپ II کی 728 جائیدادوں کیلئے جاریہ ماہ کے اختتام تک اعلامیہ جاری ہوگا۔ر