گروپ II امیدواروں کیلئے سرٹیفیکٹس کی 29 مئی سے جانچ

   

783 جائیدادوں کے لیے 1:1 تناسب سے 777 امیدواروں کا انتخاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے ریاست میں گروپ II جائیدادوں پر تقررات کے لیے 1:1 کے تناسب میں سرٹیفیکٹس کی جانچ کے لیے میرٹ لسٹ کا اعلان کیا ہے ۔ جملہ 783 جائیدادوں کی میرٹ لسٹ میں 777 امیدوار ( اسپورٹس کوٹہ میں دو ) کو جگہ دی گئی ہے ۔ کمیشن نے بتایا کہ ان امیدواروں کے اسناد کی 29 مئی سے 10 جون تک نامپلی کے پبلک گارڈن میں واقع سورورم پرتاپ ریڈی یونیورسٹی میں صبح 10-30 بجے سے دوپہر 1-30 بجے پھر دوپہر 2 بجے سے شام 5-30 بجے تک جانچ ہوگی ۔ اگر اسناد کی تصدیق کے دوران کسی امیدوار کے پاس کوئی سرٹیفیکٹ زیر التواء ہے تو ایسے امیدواروں کو ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے 11 جون کو ریزرو ڈے مقرر کیا گیا ہے ۔ اس دن انہیں ماباقی اسنادات پیش کرنا ہوگا ۔ شام 5-30 کے بعد کوئی بھی سرٹیفیکٹس قبول نہیں کئے جائیں گے ۔ اسناد کی جانچ کے لیے حاضر ہونے والے امیدوار 27 مئی سے 11 جون شام 5-30 بجے تک کمیشن کی ویب سائٹ پر ویب آپشن کا اندراج کرالیں ۔ آپشن کے اندراج کے موقع پر احتیاط سے کام لینے کا امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے ۔ کمیشن نے بتایا کہ اندراج کردہ ویب آپشن قطعی فیصلہ کے طور پر قبول کیا جائے گا ۔ ٹی جی پی ایس سی کے سکریٹری نوین نکولس نے کہا کہ محکمہ اکسائز میں 8 سب انسپکٹر کی جائیدادوں کے لیے کوالیفائی ہونے والے امیدواروں کا طبی معائنہ کیا جائے گا ۔ اسناد کی جانچ سے متعلق یومیہ شیڈول 26 مئی کو کمیشن کے ویب سائٹ پر پیش کیا جائے گا ۔ سرٹیفیکٹس کی تصدیق کے لیے حاضر نہ ہونے والے ، ویب آپشن کا اندراج نہ کرانے والے ، مسترد کئے گئے امیدواروں کی جگہ دوسرے اہل امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے ان کے سرٹیفیکٹس کی جانچ کی جائے گی ۔۔ 2