گرو روی داس مندر کی ازسرنو تعمیر کیلئے درخواست

   

نئی دہلی 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایک درخواست سپریم کورٹ میں داخل کرتے ہوئے گرو روی داس مندر تغلق آباد کی ازسرنو تعمیر کے لئے اجازت طلب کی گئی ہے۔ یہ مندر دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر منہدم کردیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک مقدس مقام اور گزشتہ 500 تا 600 سال سے عبادت گاہ بنی ہوئی تھی۔ درخواست 2 سابق ارکان پارلیمنٹ اشوک تنور اور پردیپ جین آدتیہ نے پیش کی ہے اور وہاں عبادت کرنے کو اپنا بنیادی حق قرار دیا ہے۔ درخواست گذاروں کا کہنا ہے کہ وہ سنت گرو روی داس کے بھکت ہیں اور اِس مقام پر باقاعدگی سے پوجا کرتے رہے ہیں۔