چیف منسٹر کو امجد اللہ خالد کا مکتوب
حیدرآباد 15 مئی ( پریس نوٹ ) جناب امجد اللہ خان خالد ترجمان ایم بی ٹی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا ہے کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ گروپ 1 امتحانات کیلئے جاریہ سال گریجویشن سال آخر کے طلباء کی درخواستوں کو بھی قبول کریں ۔ یہ طلبا جاریہ سال گریجویشن کی تعلیم مکمل کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی ایس سی کی جانب سے گریجویشن سال آخر کے طلبا کو امتحان لکھنے کا موقع دیا جاتا ہے تاہم تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے ایسا موقع نہیں دیا جا رہا ہے ۔ امجد اللہ خان خالد نے چیف منسٹر کے سی آر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے نمائندگی کی کہ اس سال گریجویشن مکمل کرنے والے طلبا اندرون تین ماہ ڈگری کے حامل ہوجائیں گے ۔ انہیں اگر اب گروپ 1 امتحان لکھنے کا موقع نہیں دیا گیا تو پھر انہیں یہ موقع کب ملیگا اس کا پتہ نہیں ۔ ایسے میں چیف منسٹر کو مداخلت کرتے ہوئے گریجویشن فائنل ائر طلبا کو ٹی ایس پی ایس سی کے گروپ 1 امتحان لکھنے کی اجازت دینی چاہئے ۔ اس سے طلبا کو فائدہ ہوگا ۔