گریٹر انتخابات کیلئے نئے پولنگ بوتھس کے قیام کی تیاریاں

   

کووڈ قواعد کے پیش نظررائے دہندوں کی تعداد میں کمی، الیکشن ڈیوٹی کیلئے عہدیداروں و ملازمین کی خدمات کا حصول

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے سلسلہ میں بلدی عہدیداروں کو 50 نئے پولنگ بوتھس کی تلاش ہے۔ اس کے علاوہ کووڈ قواعد کے پیش نظر پولنگ بوتھ میں رائے دہندوں کی تعداد کو محدود کردیا گیا جس کے نتیجہ میں اضافی پولنگ بوتھس کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 2016 ء میں استعمال کئے گئے تقریباً 50 پولنگ بوتھس کی عمارتیں یا تو منہدم کردی گئی یا پھر کرایہ پر دے دیا گیا ۔ لہذا ان کی جگہ بلدی حکام کو نئے عمارتوں کی تلاش ہے تاکہ پولنگ بوتھس کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔ بلدی حکام کے لئے نئے پولنگ بوتھس کے لئے عمارتوں کی تلاش کسی چیلنج سے کم نہیں ہے ۔ 2016 ء انتخابات میں 7802 پولنگ بوتھس قائم کئے گئے تھے اور اس مرتبہ پولنگ بوتھس کی تعداد 12,000 تک ہوسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کووڈ۔19 کے پیش نظر پولنگ اسٹیشنوں میں رائے دہندوں کی تعداد کو محدود کردیا ہے ۔ عام طور پر پولنگ بوتھس میں اوسطاً 1500 رائے دہندے رہتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے یہ تعداد گھٹاکر 800 تا 1000 کرنے کی سفارش کی ہے۔ تعداد میں کمی کا مقصد سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے رائے دہی کا عمل مکمل کرنا ہے ۔ زائد رائے دہندوں کی صورت میں طویل قطاروں کا امکان رہتا ہے، لہذا پولنگ بوتھ پر عوام کے ہجوم سے بچنے کیلئے تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ۔ بلدی حکام اضافی پولنگ بوتھس کے لئے مختلف ڈیویژنس کا دورہ کرتے ہوئے عمارتوں کی جانچ کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں مقامی منتخب نمائندوں کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔ اسی دوران گریٹر انتخابات کے سلسلہ میں 80,000 عہدیداروں اور ملازمین کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہی کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کیلئے عہدیداروں اور اسٹاف کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے۔ ہر پولنگ بوتھ کے لئے کم از کم پانچ عہدیداروں کی ضرورت ہے جس میں پریسائیڈنگ آفیسر ، اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسر اور تین پولنگ اسٹاف شامل ہیں۔ اگر 12,000 پولنگ بوتھس قائم کئے جاتے ہیں تو 60,000 ملازمین کی ضرورت پڑے گی ۔ مزید 20,000 ملازمین کو ہنگامی صورت میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے کم از کم ایک لاکھ ملازمین کو خدمات کیلئے تیار رکھا جاسکتا ہے ۔