حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ٹی ایس آر ٹی سی ) ، جو بتدریج نقصانات سے باہر آنے کا دعویٰ کرتا ہے ، توقع کے برخلاف اس کی سروسیس میں کمی کررہا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد زون میں 3800 سے زائد بسوں سے 2800 بسوں تک کمی کرنے کے بعد ٹی ایس آر ٹی سی نے شہر میں ڈپوز کی تعداد کو گھٹا کر 29 سے 26 کردیا ہے ۔ بس شیڈولس کو معقول بنانے کے نام پر آر ٹی سی نے رانی گنج 1 اور 2 ، مشیر آباد 1 اور 2 ڈپوز کو دوسرے ڈپوز میں ضم کردیا ہے ۔ اس کے ساتھ رانی گنج اور مشیر آباد ڈپوز سے شیڈولس کو برکت پورہ ، پکٹ ، مہدی پٹنم ، راجندر نگر ، کاچی گوڑہ ، فاروق نگر ، میاں پور ، جیڈی میٹلہ اور فلک نما ، ڈپوز کو منتقل کردیا گیا ہے نیز اس منتقلی سے شیڈولس کی تعداد بھی گھٹ گئی ہے ۔ شیڈولس کے علاوہ کریو کو بھی متعلقہ ڈپوز کو منتقل کیا گیا ہے ۔ آر ٹی سی ذرائع نے کہا کہ بس سرویس میں اضافہ کرنے اور ڈپوز کی تعداد کو بڑھانے کے بجائے آر ٹی سی کی جانب سے ان کی اپنی وجوہات سے سروسیس میں کمی کی جارہی ہے ۔ تبادلے سیناریٹی کا لحاظ کئے بغیر مینجمنٹ کی مرضی کے مطابق کئے گئے ۔ ایسے وقت جب کہ شہر میں وسعت ہورہی ہے اور آبادی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی بہت زیادہ مانگ ہے ۔ مسافرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر بسوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے بجائے آر ٹی سی کی جانب سے 2019 سے 1000 سٹی بسوں میں کمی کی گئی ۔ ۔