گستاخ ٹراویل ایجنٹ ممبئی ائرپورٹ پر گرفتار

   

حیدرآباد 19 فروری (سیاست نیوز) صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کرنے والے ٹراویل ایجنٹ کو ممبئی ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ قاضی نجم الدین کے خلاف میرچوک پولیس اسٹیشن میں 22 جنوری کو مولانا محمد حسام الدین ثانی عامل (جعفر پاشاہ) نے ایک شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعات 153A اور 279 کے تحت ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ ٹراویل پوائنٹ ایچ آر سلیوشن پرائیوٹ لمیٹیڈ کے چیرمین قاضی نجم الدین نے یو ٹیوب کے ذریعہ صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخانہ مواد اپ لوڈ کیا تھا جس کے نتیجہ میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچی تھی۔ مولانا جعفر پاشاہ نے گستاخ قاضی نجم الدین کے خلاف پولیس کمشنر سے بھی نمائندگی کی تھی۔ تحقیقات کے دوران مذکورہ ٹراویل ایجنٹ ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں پولیس نے اُس کے خلاف ملک کے تمام طیرانگاہوں پر لُک آؤٹ سرکولر جاری کیا تھا۔ قاضی نجم الدین ممبئی سے حیدرآباد پہونچنا چاہتا تھا کہ اُسے ایمگریشن عہدیداروں نے حراست میں لے لیا۔