گلوبل تلنگانہ فورم کے زیر اہتمام کنگ فہد میڈیکل سٹی ریاض میں خون کا عطیہ کیمپ

   

ہندوستانی سفارتخانہ کے کونسلر پروین کمار نے افتتاح کیا، جدہ میں 18 ستمبر کو کیمپ کا فیصلہ

حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) گلوبل تلنگانہ فورم (GTF) کی جانب سے ریاض کی کنگ فہد میڈیکل سٹی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ انسانی ہمدردی اور سماجی خدمت کے جذبہ کے تحت فورم نے اپنی مختلف سرگرمیوں میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کو بھی شامل کیا ہے۔ ہندوستان اور سعودی عرب کے قومی دن کو پیش نظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک میں دوستی اور باہمی تعاون میں اضافے کے جذبہ کے تحت خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا گیا۔ سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی کی بھلائی کے لئے فورم کی جانب سے مختلف پروگرامس منعقد کئے جاتے ہیں۔ ریاض میں ہندوستانی سفارتخانہ کے سکنڈ سکریٹری (کونسلر) پروین کمار نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے فورم کی ستائش کی اور کہا کہ بلڈ ڈونیشن ایک حقیقی انسانی جذبے کا اظہار ہے جس کے ذریعہ کئی زندگیوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ پروین کمار نے فوم کے بانی اور صدر محمد جبار اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کمیونٹی اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری کو مزید مستحکم کرنے کے جذبہ کے تحت یہ کیمپ معاون ثابت ہوگا۔ فوم کے صدر محمد جبار نے کہا کہ خون کا عطیہ انسانی خدمت کا ایک اہم طریقہ ہے۔ انہوں نے کیمپ میں خون کا عطیہ دینے والوں کے جذبہ کی ستائش کی۔ انہوں نے شفا میڈیکل کے ڈاکٹر ادریس اور کریم نگر کمیونٹی کے محمد ذکی کی ستائش کی۔ کنگ فہد میڈیکل سٹی کی میڈیکل ٹیم نے ڈاکٹر نورا کی قیادت میں کیمپ میں حصہ لیا۔ کیمپ کے انعقاد میں فورم کے جوائنٹ سکریٹری شیخ الیاس، نائب صدر محمد الیاس، حسین شبیر، جوائنٹ سکریٹری ویرا سوامی، نائب صدر میڈیکل ڈاکٹر جنید، نائب صدر ایجوکیشن ڈاکٹرعبدالمتین اور والنٹرس جبران، فیضان، محمد عتیق، عمران اور دوسروں نے اہم رول ادا کیا۔ فورم نے کنگ عبدالعزیز ہاسپٹل جدہ میں 18 ستمبر کو بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ جدہ میں ہندوستانی کمیونٹی سے کیمپ میں حصہ لیتے ہوئے انسانی ہمدردی کے اس کام میں تعاون کی اپیل کی گئی۔ 1؍F