گنبدان قطب شاہی کے تحفظ کیلئے ہائیکورٹ میں مفاد عامہ درخواست

   

حیدرآباد 6 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے گنبدان قطب شاہی کے تحفظ میں تساہل کی شکایت کے ساتھ داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کو سماعت کے لئے قبول کرلیا۔ کارگذار چیف جسٹس سجے پال اور جسٹس وائی رینوکا نے عدالت کو اِس سلسلہ میں ایک شہری کی جانب سے لکھے گئے مکتوب کو مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کرکے حکومت، آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر اور دیگر عہدیداروں کو نوٹس جاری کی ہے۔ یونیسکو کی مسلمہ لسٹ میں شامل گنبدان قطب شاہی کی نگہداشت میں تساہل کی شکایت کرکے ہائیکورٹ کو مکتوب روانہ کیا گیا۔ مکتوب میں کہا گیا کہ آغا خاں ٹرسٹ فار کلچر گنبدان قطب شاہی کے تحفظ اور اُس کی بحالی میں ناکام ہوچکا ہے۔ ٹرسٹ کے ادھورے کاموں کے نتیجہ میں گنبدوں کو نقصان پہونچ رہا ہے۔ مکتوب میں گنبدان قطب شاہی کے مختلف نقصانات کی نشاندہی کی گئی۔ کارگذار چیف جسٹس نے آئندہ سماعت یکم اپریل کو مقرر کی ہے۔ 1