گنیش تہوار کیلئے پولیس کے وسیع تر انتظامات

   

دونوں شہروں میں 21ہزار فورس تعینات ، جبراً چندہ وصولی پر سخت انتباہ : انجنی کمار

حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گنیش تہوار 2019 کے پیش نظر دونوں شہروں میں حیدرآباد پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت 21 ہزار پولیس عملے کو تعینات کیا جارہا ہے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے گنیش تہوار کی تیاریوں اور بندوبست سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گنیش تہوار اور مرکزی جلوس کے پیش نظر نیم فوجی دستوں کی 5 کمپنیاں، 52 اسپیشل فورس بٹالینس کے علاوہ 21 ہزار پولیس فورس کو تعینات کیا جارہا ہے۔ انہوں نے گنیش تہوار کیلئے جبراً چندہ وصولی پر انتباہ دیا اور کہا کہ رقومات کی وصولی کی شکایات موصول ہونے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تہوار یا جلوس کے دوران ڈی جے کے استعمال پر مکمل پابندی رہے گی۔ انجنی کمار نے کہا کہ گنیش منڈپوں کو نصب کرنے کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 7000 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ سیکٹر سطح سے لے کر پولیس کمشنر سطح تک پولیس کا خصوصی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے اور اس تہوار سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کرتے ہوئے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ انجنی کمار نے مشورہ دیا کہ گنیش منڈپ کے آرگنائزرس اپنے متعلقہ منڈپ کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں۔ ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ستمبر میں گنیش تہوار کے علاوہ محرم جلوس بھی نکالا جاتا ہے اور اس کے لئے بھی پولیس کا خصوصی بندوبست رہے گا۔