گنیش تہوار کے دوران لڈو کے ہراج کی روایت میں تیزی سے فروغ

   

کیرتی رچمنڈولاس میں لڈو ایک کروڑ ایک لاکھ اور بالاپور لڈو 39 لاکھ میں ہراج
حیدرآباد۔25۔ستمبر۔(سیاست نیوز) گنیش تہوار کے دوران ’لڈو‘ کے ہراج کی روایت تیزی سے فروغ پانے لگی ہے اور شہر حیدرآباد میں سب سے زیادہ قیمت میں لڈو کا ہراج کیرتی رچمنڈ ولاس کے منڈپ میں موجود لڈو کا کیاگیا ۔ کیرتی رچمنڈ ولاس میں گنیش کے لڈو کا ہراج ایک کروڑ ایک لاکھ میں عمل میں آیا جبکہ شہر حیدرآباد میں معروف مرکزی بالاپور گنیش لڈو کا ہراج 39لاکھ میں عمل میں آیا۔1994 میں بالا پور گنیش کے لڈو کا پہلی مرتبہ ہراج 450 روپئے میں فروخت ہواتھا اور کے کرشنا ریڈی نے ہراج کے ذریعہ اس 21کیلو کے لڈو کو خریدا تھا۔ لڈو کے ہراج سے سال گذشتہ 35لاکھ روپئے حاصل ہوئے تھے اور سال گذشتہ بالا پورگنیش کا لڈو ہراج میں 35لاکھ روپئے ادا کرتے ہوئے خریدنے والے ایل دسرتھ گوڑ نے ہی جاریہ سال ہراج کے دوران 39لاکھ میں گنیش کا لڈو خریدتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جاریہ سال بالا پور گنیش کے لڈو کے ہراج میں زائد از 30 بولی دہندگان نے حصہ لیا اور 2100 روپئے سے شروع ہونے والی بولی 39 لاکھ تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی اور ایل دسرتھ گوڑ نے 39لاکھ روپئے میں بالاپور گنیش کا لڈو خرید لیا۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد کے کئی رہائشی کالونیوں میں گنیش کے لڈو کا ہراج عمل میں آیا جہاں پر مختلف قیمتوں میں لڈو کی فروخت عمل میں لائی گئی ۔ہائی ٹیک سٹی ‘ کوہ نور آٹو ریالیٹی میں گنیش کا لڈو 30لاکھ50ہزار ایک روپئے میں ہراج کیاگیا جبکہ مائی ہوم منگلا میں گنیش لڈو 21لاکھ11ہزار116 روپئے میں فروخت کیاگیا ۔ اسی طرح نیلور لیبوڈارا میں 13لاکھ 50ہزار میں لڈو ہراج کیاگیا ۔ انڈس وائیوا سٹی میں 13لاکھ میں لڈو ہراج کیاگیا ‘ پرگتی نگر میں بھی 13 لاکھ روپئے میں گنیش لڈو کا ہراج عمل میں آیا۔دونوں شہروں بالخصوص شہر کے نوآبادیاتی رہائشی اپارٹمنٹس میں گنیش منڈپوں میں گنیش لڈو کے ہراج کی روایت کو زبردست فروغ حاصل ہواجس کے نتیجہ میں ہائی ٹیک سٹی ‘مادھا پور‘ میاں پور‘ کوکٹ پلی کے علاوہ پرگتی نگر ‘ کوکا پیٹ و دیگر مقامات پر لڈو کے ہراج کئے گئے جہاں لاکھوں روپئے میں لڈو فروخت ہوئے۔3/m/b