نظام آباد 17 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں گنیش نورتری تہوار کے دوران امن و امان کی برقراری اور گنیش منڈپوں کی مؤثر نگرانی کے لیے پولیس کی جانب سے وسیع تر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا، نے بتایا کہ نظام آباد، آرمور اور بودھن ڈویژنوں میں قائم تمام گنیش منڈپوں کو جیو ٹیگنگ سے مربوط کرتے ہوئے پولیس نگرانی کا نظام مزید مستحکم کیا گیا ہے، جبکہ گنیش وسرجن کے موقع پر بھی سخت بندوبست کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار روز قبل شروع ہونے والے گنیش نورتری تہوار کے پیش نظر گنیش منڈپوں اور ان کے اطراف کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کے تحت پولیس سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں جملہ 5,681 گنیش مجسمے قائم کیے گئے ہیں، جن میں نظام آباد ڈویژن میں 2,545، آرمور ڈویژن میں 1,959 اور بودھن ڈویژن میں 1,177 مجسمے شامل ہیں۔ اب تک کمشنریٹ کے حدود میں تمام 5,681 گنیش مجسموں کی جیو ٹیگنگ مکمل کی جاچکی ہے، جن میں نظام آباد ڈویژن کے 2,545، آرمور کے 1,959 اور بودھن ڈویژن کے 1,177 مجسمے شامل ہیں۔ جیو ٹیگنگ کے ذریعہ ہر پولیس اسٹیشن کے افسران اور عملہ کو متعلقہ گنیش منڈپوں کی مکمل معلومات دستیاب رہیں گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں مقامی پولیس کو جائے وقوعہ تک تیزی سے پہنچنے کے لیے مناسب راستوں کی نشاندہی میں آسانی ہوگی۔ پولیس کمشنر پی سائی چیتنیا نے کہا کہ گنیش نورتری اور وسرجن کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے پولیس کی جانب سے تمام ضروری اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔