گوا میں شیوسینا،این سی پی کااتحاد ہوگا،سنجے راوت کااشارہ

,

   

۔ 18 جنوری کو نشستوں کی تقسیم پر دونوں جماعتوں کی بات چیت

ممبئی : گوا اسمبلی انتخابات میں شیوسینا اور این سی پی کے ملکر لڑنے کی خبر ہے۔ اطلاعات کے مطابق 18 جنوری کو نشستوں کی تقسیم پر بات ہونے کا امکان ہے۔ گوا میں شیوسینا 10 سے 15 سیٹوں پرالیکشن لڑسکتی ہے۔ این سی پی کے سینئر لیڈر پرفل پٹیل 18 جنوری کو گوا میں سیٹ شیئرنگ پر بات کریں گے، جس کے بعد یہ واضح ہو جائے گا کہ کون کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑے گا۔ساتھ ہی گوا میں کانگریس کے تنہا الیکشن میں حصہ لینے کی اطلاع ہے۔ دوسری طرف شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے ٹی ایم سی اور آدمی پارٹی پر تنقید کی ہے۔ ٹی ایم سی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ گوا میں ٹی ایم سی اپنے آپ میں وزیر اعلیٰ بن گئی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ مہاراشٹرا میں تین پارٹیوں کی حکومت ہے۔سنجے راوت نے کہاہے کہ مہاراشٹرا میں ہم این سی پی اور کانگریس کے ساتھ حکومت میں ہیں، لیکن اگر گوا میں اب کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ نہیں کی گئی تو ان کی بھی کچھ مجبوریاں ہوں گی اور ہماری بھی کچھ مجبوریاں ہوں گی۔ راوت نے مزید کہا ہیکہ ہمارے امیدواروں کی فہرست تیار ہے۔ ہم الیکشن لڑیں گے، اس پر 18 جنوری کو بات ہوگی اور اس کے بعد امیدواروں کی فہرست کا اعلان کیا جائے گا۔ دوسری طرف اروند کجریوال نے کہا کہ اگر گوا کی سیاست کو دوبارہ قائم کرنا ہے تو یہ کچھ لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ یہ لوگ گوا میں لینڈ مافیا، بدعنوانی اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ مافیا وہ ہیں جو وہاں حکومت بنانے کے لیے کام کرتے ہیں۔ دہلی کے وزیراعلیٰ کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے سنجے راوت نے کہاہیکہ دہلی میں کووڈ کے کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن انہیں چھوڑ کر وزیراعلیٰ گوا میں مصروف ہیں۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال اس وقت گوا کے دورے پر ہیں اور وہاں گھرگھرمہم چلارہے ہیں۔