گوا میں پاریکر کو وزیراعظم کا خراج عقیدت

   

پاناجی 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر آنجہانی کو جن کا انتقال پتّے کے کینسر کی وجہ سے اتوار کے دن ہوا، خراج عقیدت پیش کیا۔ ریاست گوا پہونچنے کے بعد مودی کلا اکیڈیمی پاناجی گئے اور 63 سالہ سینئر قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اِن کے سوگوار ارکان خاندان سے ملاقات کی اور اُنھیں تعزیت پیش کی۔ وزیر دفاع نرملا سیتارامن نے بھی اُن کے ساتھ پاریکر خاندان کو تعزیت پیش کی۔ قبل ازیں نئی دہلی میں مرکزی کابینہ کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پاریکر کے انتقال پر اُنھیں تعزیت پیش کی گئی جس کے بعد وزیراعظم مودی گوا روانہ ہوگئے۔ کلا اکیڈیمی میں برسر عام اُنھوں نے خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں دن میں اُن کے باقیات بی جے پی دفتر پاناجی میں جو کلا بھون سے 3 کیلو میٹر کے فاصلے پر ہے، بی جے پی کارکنوں کے آخری دیدار کے لئے رکھے گئے تھے۔ پاریکر گوا کے چار میعادوں تک چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔ اِن کی آخری رسومات 5 بجے شام میرامار ساحل سمندر ادا کی جائیں گی اور وہ گوا کے اوّلین چیف منسٹر ہوں گے جن کی یادگار بھی وہاں پر قائم کی جائے گی۔