17 ستمبر کو ’’لبریشن ڈے‘‘ قرار دینے کی مذمت، تاریخ کو دوبارہ پڑھنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سی پی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری ٹی ویرابھدرم نے گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن پر بی جے پی کے کارکن کی طرح بات کرنے اور راج بھون کو سیاسی مرکز میں تبدیل کردینے کا الزام عائد کیا۔ سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری نے گورنر پر حد پار کرنے کا الزام عائد کیا۔ 17 ستمبر کو گورنر کی جانب سے ’’لبریشن ڈے‘‘ قرار دینے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ گورنر ایک دستوری عہدہ ہے تاہم گورنر ریاست کی سیاست میں غیرضروری مداخلت کرتے ہوئے دستوری عہدہ کی اہمیت کو گھٹارہی ہیں۔ بی جے پی قائدین کی جانب سے لکھ کر دی جانے والی اسکرپٹ پڑھ کر ریمارکس کررہی ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ گورنر کے عہدہ پر فائز ہوکر سیاسی باتیں کرنا کیا انہیں زیب دیتا ہے۔ ٹی ویرا بھدرا نے تلنگانہ کی تاریخ کو پھر ایک مرتبہ پڑھ لینے کا گورنر کو مشورہ دیا اور کہا کہ تاریخ کو مسخ کرنے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بی جے پی قائدین کی طرح گورنر کو ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت پھیلانا زیب نہیں دیتا۔ گورنر اپنے حدود میں رہے اور صرف دستوری فرائض انجام دینے تک محدود رہے غیر ضروری سیاست میں دخل اندازی کرنے کی کوشش نہ کریں۔ن