گورنر جشنو دیو ورما نے گورنر ایوارڈ فار ایکسلینس 2024 کا اعلان کیا

   

چار شعبہ جات میں 5 سالہ نمایاں خدمات پر ایوارڈ، افراد اور اداروں کیلئے 23 نومبر تک نامینیشن کے ادخال کی مہلت، یوم جمہوریہ کو ایوارڈس کی پیشکشی
حیدرآباد ۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے پہلی مرتبہ راج بھون کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر گورنر ایوارڈ فار ایکسلینس 2024 کا اعلان کیا ہے۔ گورنر کے پرنسپل سکریٹری بی وینکٹیشم آئی اے ایس نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر ایوارڈ برائے 2024 کی تفصیلات کا اعلان کیا ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں ماحولیاتی تحفظ ، معذورین کی بھلائی ، اسپورٹس اینڈ گیمس اور تہذیب و ثقافت کے شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اور اداروں کو یہ ایوارڈ دیئے جائیں گے ۔ ہر شعبہ میں دو زمرہ جات شامل کئے گئے ہیں۔ پہلے زمرہ میں انفرادی افراد اور دوسرے زمرہ میں اداروں ، تنظیموں ، سوسائٹیز اور ٹرسٹس کو ایوارڈ کے لئے منتخب کیا جائے گا ۔ ایوارڈ کے تحت دو لاکھ روپئے اور توصیف نامہ پیش کیا جائے گا ۔ 2019 سے مذکورہ چار شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اور ادارے ایوارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ۔ ایوارڈ کا مقصد تلنگانہ میں سماجی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔ سلیکشن کمیٹی نامزدگیوں کی جانچ کرتے ہوئے ایوارڈ کا انتخاب کرے گی۔ ایوارڈ کے لئے درخواستیں آن لائین اور آف لائین دی جاسکتی ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 23 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ گورنر جشنو دیو ورما 26 جنوری یوم جمہوریہ کے موقع پر ایوارڈ یافتگان کو تہنیت پیش کریں گے ۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد اور ادارے ایوارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ ان کی سرگرمیاں بھی تلنگانہ تک محدود ہونی چاہئے ۔ تلنگانہ راج بھون کے ویب سائیٹ https://governor.telangana.gov.in پر درخواست فارم کا فارمیٹ دیا گیا ہے ، جسے آن لائین داخل کیا جاسکتا ہے۔ آف لائین درخواست پیش کرنے کیلئے نامینیشن فارم کو ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے پرنسپل سکریٹری گورنر ، گورنرس سکریٹریٹ ، راج بھون ، سوماجی گوڑہ ، حیدرآباد 500041 کے پتہ پر اسپیڈ پوسٹ یا شخصی طور پر داخل کرسکتے ہیں۔ گورنر تلنگانہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد جشنو دیو ورما نے ہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اور اداروں کی خدمات پر ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ 1