گورنر جھارکھنڈ سی پی رادھا کرشنن کو تلنگانہ اور پوڈوچیری کی اضافی ذمہ داری

   

صدر جمہوریہ نے سوندرا راجن کا استعفی قبول کرلیا، ریونت ریڈی کو فون پر استعفی کی اطلاع

حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کے استعفی کو قبول کرلیا ہے۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے گورنر تلنگانہ اور لیفٹننٹ گورنر پوڈوچیری کے عہدہ سے کل استعفی دے دیا تھا۔ صدر جمہوریہ نے جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو گورنر تلنگانہ اور لیفٹننٹ گورنر پوڈوچیری کے فرائض کی اضافی ذمہ داری دی ہے۔ دونوں ریاستوں کیلئے مستقل گورنر کے تقرر تک سی پی رادھا کرشنن خدمات انجام دیں گے۔ صدر جمہوریہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اضافی ذمہ داری کا آغاز جائزہ حاصل کرنے سے شمار کیا جائے گا۔ اسی دوران سی پی رادھا کرشنن نے گورنر تلنگانہ اور لیفٹننٹ گورنر پوڈوچیری کی اضافی ذمہ داری دیئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے آبائی ریاست میں خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے لوک سبھا انتخابات میں ٹاملناڈو سے حصہ لینے کیلئے گورنر کے عہدہ سے استعفی پیش کردیا۔ کل شام چینائی پہنچنے کے بعد ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ وہ تلنگانہ عوام کی محبت اور خلوص کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دیانتدارانہ سیاست میں واپسی کے مقصد سے ٹاملناڈو آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت انہوں نے سیاست میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا تو وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ نے مخالفت نہیں کی۔ ڈاکٹر سوندرا راجن 2011 اور 2016 میں ویلاچیری اور ویروگم بکھم اسمبلی حلقہ جات سے مقابلہ کرچکی ہیں۔ 2019 لوک سبھا چناؤ میں سوندرا راجن کو ڈی ایم کے لیڈر کروناندھی کی دختر کنی موزہی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے چند دن قبل گورنر کے پرنسپل سکریٹری سریندر موہن کے اچانک تبادلہ سے سوندرا راجن ناراض تھیں۔ حکومت نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار بی وینکٹیشم کو گورنر کے پرنسپل سکریٹری کی اضافی ذمہ داری دی ہے۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو فون پر استعفی کے بارے میں اطلاع دی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب سرکاری سطح پر سوندرا راجن کی وداعی تقریب منعقد نہیں کی گئی۔1