گورنر مدھیہ پردیش آنندی بین یو پی کو منتقل

   

دیگر تین گورنروں کے بھی تقررات
نئی دہلی ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت نے چار ریاستوں کیلئے نئے گورنروں کا تقرر کی ہے ان میں سیاسی طور پر حساس مغربی بنگال بھی شامل ہیں جس کیلئے ایک سابق رکن پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے سرکردہ وکیل جگدیپ دھانکر کا تقرر کیا گیا ہے ۔ 68 سالہ دھانکر 1990-91 میں مرکزی نائب وزیر پارلیمانی امور تھے اور 2003 میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی کے رکن بن گئے تھے ۔ وہ کیری ناتھ ترپاٹھی کی جگہ لیں گے جن کی میعاد آئندہ ہفتہ ختم ہوگی ۔ 77 سالہ آنندی بین پٹیل کو جنہیں جنوری 2018 میں بحیثیت گورنر مدھیہ پردیش مقرر کیا گیا تھا ۔ اب اترپردیش منتقل کی گئی ہیں ۔ بی جے پی کے سرکردہ لیڈر اور بہار کے گورنر لال جی ٹنڈن مدھیہ پردیش میں آنندی بین پٹیل کی جگہ لیں گے ۔ انہیں گذشتہ سال اگست میں گورنر مقرر کیا گیا تھا ۔ چھتیس گڑھ کے سرکردہ بی جے پی لیڈر رمیش بیاس تریپورہ کے گورنر مقرر کئے گئے ہیں ۔ اس عہدہ پر گذشتہ سال اگست سے کپتان سنگھ سولنکی تعینات تھے ۔ سولنکی جولائی 2014 سے ہریانہ کے گورنر تھے ۔ ان کی میعاد 27 جولائی کو ختم ہورہی ہے ۔ انٹلی جنس بیورو کے ریٹائرڈ اسپیشل ڈائرکٹر این روی کو جنہوں نے ناگا مذاکرات میں مرکز کے معاون کی ثالثی کی حیثیت سے کام کیا تھا ، ناگا لینڈ کا گورنر مقرر کیا گیا ہے ۔ 1976 بیاچ کے یہ آئی پی ایس افسر قبل ازیں قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کے ساتھ قریب رہتے ہوئے کام کئے ہیں ۔